Thursday, 28 March 2024, 11:24:39 pm
کشمیری عوام کے جمہوری اور آئینی حقوق کی بحالی کیلئے پرامن جدوجہد ناگزیر ہے،محبوبہ مفتی
March 01, 2021

بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط جموں وکشمیر میں سابق وزیراعلی محبوبہ مفتی نے کشمیری عوام کے جمہوری اورآئینی حقوق کی بحالی کیلئے جدوجہد جاری رکھنے پر زوردیا ہے۔انہوں نے ضلع پلوامہ کے سینئر پارٹی کارکنوں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اپنے حقوق ، شناخت اور آئندہ نسلوں کے مستقبل کے تحفظ کیلئے متحد ہوکر جدوجہد جاری رکھنا وقت کی ضرورت ہے۔ادھر بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہست گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران گزشتہ چھ بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا ۔کشمیر میڈیاسروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے آج جاری کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق تمام نوجوانوں کو جعلی مقابلوں کے دوران شہید کیاگیا ۔گزشتہ ماہ کے دوران 63 نوجوانوں کو گرفتار کیاگیا جبکہ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے پرامن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال سے پانچ کشمیری شدید زخمی ہوگئے۔دریں اثنا انسانی حقوق کے کارکن محمد احسن اونتو نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے بارے میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی سربراہ مشیل بیچلیٹ کے بیان کی تعریف کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن پرزوردیا کہ وہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم پر بھارت پر اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کیلئے اقوام متحدہ میں ایک قرارداد پیش کرے۔