وزیراعظم شہباز شریف نے عوامی جمہوریہ چین کے 75 ویں یوم تاسیس کے موقع پر چین کے صدر شی جن پنگ وزیر اعظم لی چیانگ اور چین کے عوام کو مبارکبا د پیش کی ہے۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ہمیں صدر شی جن پنگ کی وژنری قیادت میں چین کی نمایاں ترقی اور کامیابیوں پر فخر ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین آہنی بھائی ہیں اور ان کی ہر قسم کے حالات میں تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری ترقی کے ساتھ جاری رہے گی۔
شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان اور چین سی پیک کے تحت ایک پٹی ایک شاہراہ منصوبے کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔
وزیر اعظم نے پاکستان کی جانب سے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور علاقائی امن و استحکام او ر خوشحالی کے فرو غ کے لئے چین کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی چین کی قیادت اور عوام کو عوامی جمہوریہ چین کے 75 ویں یوم تاسیس پر مبارک دی ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی سماجی معاشی اور علاقائی استحکام کی آئینہ دار ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین کے گہرے سفارتی تعلقات باہمی احترام بھائی چارے پر مبنی ہیں۔
سپیکر نے دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ معاشی خاص طور پر چین پاکستان اقتصادی راہداری کے مشترکہ منصوبوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان کی معیشت اٹھے گی اور
وسیع بین الاقوامی روابط کے لئے اس کے جغرافیائی محل و قوع کو فروغ حاصل ہوگا۔