Tuesday, 23 April 2024, 01:31:12 pm
حزب اختلاف ذاتی مقاصد کے حصول کے لئے لوگوں کی زندگیوں سے نہ کھیلے:شبلی فراز
December 01, 2020

اطلاعات ونشریات کے وزیرشبلی فرازنے حزب اختلاف پرزوردیاہے کہ وہ ذاتی مقاصد کے حصول کے لئے لوگوں کی زندگیوں سے نہ کھیلے کیونکہ کوروناوباء کی دوسری لہرعروج پرہے۔

ملتان میں پی ڈی ایم کے جلسے  کے حوالے سے اسلام آباد میں ایک نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حزب اختلاف لوٹی ہوئی رقم بچانے کے لئے غیرضروری افراتفری اورہلچل پیدا کررہی ہے۔

 وزیراطلاعات نے کہاکہ یہ قائدین ماضی میں ملک میں سخت لاک ڈائون کامطالبہ کررہے تھے اور اب انہوں نے اپنے ذاتی مقاصد کے حصول کے لئے وباء کے خطرات کوپس پشت ڈال دیاہے۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حزب اختلاف نے ملک کے غریب عوام کے لئے کچھ نہیں کیا اور انہیں سمجھ لیناچاہیے کہ یہ ہتھکنڈے عوام کی حمایت کے حصول کے لئے کام نہیں کریں گے۔

مہنگائی اورملک کو درپیش دیگرمسائل پرگفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرنے کہاکہ حکومت اس قسم کے تمام مسائل کے حل کے لئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔

اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے حکومت کے موقف کااعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کئی موقعوں پرکہہ چکے ہیں کہ پاکستان تنازعہ فلسطین حل ہونے تک یہودی ریاست کوکبھی تسلیم نہیںکرے گا۔