Friday, 29 March 2024, 04:06:12 pm
وفاقی کابینہ کی کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کے حصول کیلئے پندرہ کروڑ ڈالر کی رقم کی منظوری
December 01, 2020

وفاقی کابینہ نے کوروناوائرس سے بچائو کی ویکسین کے حصول کیلئے پندرہ کروڑ ڈالر کی رقم کی منظوری دے دی ہے۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم کے معاون خصوصی قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز کے ہمراہ منگل کے روز اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے فیصلوں سے متعلق صحافیوں کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کیا۔صحت کے بارے میں معاون خصوصی نے کہا کہ ویکسین کی خریداری کے لئے کچھ کمپنیوں کو منتخب کیا گیا ہے اور ان سے ابتدائی مذاکرات کا آغاز کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ویکسین کی فراہمی کے پہلے مرحلے میں ہماری ترجیحی طبی عملہ اور بزرگ شہری ہونگے جن کے وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ زیادہ ہے۔ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ کوروناوائرس کی پہلی لہر سے ہم نے کامیابی سے نمٹا اور حکومت دوسری لہر سے نمٹنے کیلئے مختلف اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے قوم کو تلقین کی کہ وہ کورونا وائرس سے بچائو کے قواعد وضوابط پر سختی سے عملدرآمد کرے۔ملتان میں حزب اختلاف کے حالیہ عوامی جلسے پر تبصرہ کرتے ہوئے اطلاعات ونشریات کے وزیرشبلی فراز نے اپوزیشن پر زور دیا کہ وہ اپنے ذاتی مفادات کیلئے عوام کی زندگیوں سے نہ کھیلیں کیونکہ ملک میں کوروناوائرس کی دوسری لہر اپنے عروج پر ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو کوروناوائرس سے بچانے کیلئے عوامی اجتماعات پر پابندی ہے اور ہم سخت پابندیاں عائد کرنے کے بجائے خلاف ورزی کرنے والوں سے قانونی طور پر نمٹیں گے۔شبلی فراز نے کہا کہ کابینہ کو راوی اور بنڈل جزیرے کے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔کابینہ کو یہ بھی بتایا گیا کہ سرمایہ کاروں نے تعمیراتی شعبے کے لئے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے کئے گئے اقدامات پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور وہ ان بڑے منصوبوں میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں۔