Wednesday, 24 April 2024, 03:52:31 pm
وزیراعظم نے پاکستان کے قومی ترقیاتی اہداف کے حصول میں چین کی مسلسل معاونت کو سراہا
December 01, 2020

وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کے قومی ترقیاتی اہداف میں مسلسل معاونت پر چین کی تعریف کی ہے۔

وہ چین کے وزیردفاع اور سٹیٹ قونصلر جنرل WEI-Fenghe سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے منگل کے روز اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔وزیراعظم نے کوروناوائرس کی وباء سے نمٹنے میں بھی چین کی کامیابی کو سراہا۔وزیراعظم نے ان کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کوروناوائرس وباء کے دوران باقاعدہ اعلیٰ سطحی دوروں اور تبادلوں کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔عمران خان نے 5اگست 2019 کو بھارت کے یکطرفہ غیر قانونی اقدامات کے تناظر میں جموں وکشمیر پر چین کے اصولی موقف کی بھرپور تعریف کی۔انہوں نے کہاکہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں آر ایس ایس اور بی جے پی اقلیتوں کے خلاف جابرانہ کارروائیاں کررہی ہیں اور بے گناہ کشمیریوں کی آواز دبائی جارہی ہے۔وزیراعظم نے زور دیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری ایک عظیم منصوبہ ہے جس کے خطے پر شاندار سماجی اور معاشی اثرات مرتب ہوںگے۔جنرل Wei-Fenghe نے وزیراعظم کو صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم Li-Keqiang کی طرف سے جذبہ خیر سگالی کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ چین کی قیادت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتی ہے۔وزیراعظم نے اس موقع پر بھرپور تشکر کا اظہار کرتے ہوئے صدر شی اور وزیراعظم لی کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کا تذکرہ کیا۔جنرل WEI-Fenghe نے کہا کہ پاکستان چین کا قریبی دوست، بہترین ہمسایہ اور بھائیوں جیسا ہے۔انہوں نے پاک چین تعلقات کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے چین کی قیادت کی طرف سے مختلف شعبوں میں ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کو باہمی مفادات کے تحفظ کیلئے اجتماعی کوششیں کرنی چاہیں۔