Friday, 29 March 2024, 02:22:27 am
پاکستان کی بے گناہ کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل عام کی جاری لہر کی سخت مذمت
December 01, 2021

پاکستان نے بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں جعلی مقابلوں اور تلاشی کی کارروائیوں میں بے گناہ کشمیریوں کی ماورائے عدالت قتل عام کی جاری لہر کی شدید مذمت کی ہے ۔

دفترخارجہ کے ترجمان عاصم افتخار احمد نے اپنے بیان میں کہاکہ گزشتہ ایک ماہ میں بھارتی قابض فورس نے 18 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا ۔

چونکہ کشمیریوں کی بنیادی آزادی صلب ہے اس لیے بھارتی قابض فورسز نے گزشتہ ہفتوں میں اپنے مظالم تیز کردئیے ہیں۔

انہوں نے کہا مقبوضہ علاقے میں سیکورٹی اور انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال عالمی برادری کیلئے گہری تشویش کا معاملہ ہے ۔

اس ساری صورتحال کے باوجود بھارتی وزراء کا مقبوضہ علاقے کا دورہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی سے توجہ ہٹانے کا ایک اور ڈرامہ اورمقبوضہ کشمیر میں حالات معمول پر دکھانے کا فریب ہے ۔انہوں نے کہاکہ آر ایس ایس اور بی جے پی کو ٹولہ جھوٹ ، فریب اور دھوکہ دہی کے ڈراموں سے نہ تو حالات کو معمول پرلاسکتا ہے اور نہ ہی کشمیریوں کے مسائل حل کرسکتا ہے۔ترجمان نے کہاکہ بھارت کو اس بات کا ادراک کرنا ہوگا کہ خطے میں پائیدار امن وترقی کی واحد صورت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اورکشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے مستقل حل میں ہے۔