Thursday, 25 April 2024, 03:38:58 am
پنجاب میں مذہبی ثقافتی اور تاریخی اہمیت کے کئی مقامات ہونے کے باعث سیاحت کے وسیع تر مواقع موجود ہیں:مشتاق احمد
October 02, 2021

پنجاب میں مذہبی ثقافتی اور تاریخی اہمیت کے کئی مقامات ہونے کے باعث سیاحت کے وسیع تر مواقع موجود ہیں۔یہ بات پنجاب کے سیکرٹری سیاحت کیپٹن (ریٹائرڈ) مشتاق احمد نے ریڈیو پاکستان کے خبروں و حالات حاضرہ چینل کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں کہی۔مشتاق احمد نے کہا کہ سیاحت کو قومی اوربین الاقوامی سطح پر فروغ دینا وزیراعظم کا نصب العین ہے۔انہوں نے کہا کہ دس میں سے پانچ سیاحتی مقامات کے حوالے سے منصوبہ وضع کرلیا گیا ہے اور ان کی مذہبی تاریخی اور ثقافتی حیثیت کو مدنظر رکھ کران کی حلقہ بندی کی جائے گی۔سیکرٹری سیاحت پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم سیاحت کی قومی رابطہ کمیٹی کی خود سربراہی کر رہے ہیں اور اس بارے میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے باقاعدہ اجلاس بھی ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں بدھ مت اور سکھ برادری کے مقامات کی سیاحت کے کثیر مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاحتی مقامات پر ریستورانوں کو لائسنس جاری کرنے اور ان کے معیارات کے حوالے سے بھی منصوبہ بنایا گیا ہے۔مشتاق احمدنے کہا کہ ترقی یافتہ ملکوں کی طرز پر ٹورازم پولیس بنائی جائے گی جسے مناسب جدید آلات سے لیس کیا جائے گا۔