Saturday, 20 April 2024, 06:41:14 pm
بھارتی فوجیوں کے وحشیانہ ہتھکنڈوں کے باعث ہزاروں کشمیری عمر بھر کے لئے معذور
December 03, 2021

بھار ت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پر امن مظاہرین پر پیلٹ گنز سے فائرنگ جیسے بھارتی فوجیوں کے وحشیانہ ہتھکنڈوں کی وجہ سے ہزاروں کشمیری عمر بھر کیلئے معذور ہو چکے ہیں جبکہ 200سے زائد افرادایک یا دونوں آنکھوں کی بینائی سے محروم ہو چکے ہیں۔ آج خصوصی افرادکے عالمی دن کے موقع پر کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی فوجی کشمیریوں کو اپاہج بنانے کیلئے انتہائی ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں جن میں بھار ت مخالف مظاہروں کے دوران گولیوں ،پیلٹ گنز اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال شامل ہے۔بھارتی فوجیوں کی طرف سے وحشیانہ ظلم و تشدد، بجلی کے جھٹکے، ٹانگوں کے پٹھوں کو لکڑی کے رولر سے کچلنا، گرم چیزوں سے جلانا اور تفتیشی مراکز میں الٹا لٹکانا بھی شامل ہے۔ رپورٹ میں عالمی برادری پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کو ایک منظم طریقے سے معذوربنانے کے بھارتی حکومت کے غیر انسانی اقدام کا فوری نوٹس لے۔ ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ نے آج معذور افراد کے عالمی دن کے سلسلے میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جسکا مقصد عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی مظالم بالخصوص پیلٹ گن کے استعمال جس سے ہزاروں کشمیریوں کی بصارت کو نقصان پہنچاہے اور سینکڑوں افراد بینائی سے مکمل طور پر محروم ہو چکے ہیں کی طرف مبذول کرانا تھا۔ پاسبان حریت جموں و کشمیر نے مظفرآباد میں ایئرپورٹ روڈ پر بھارت مخالف ریلی نکالی۔