Friday, 29 March 2024, 12:37:42 am
آزادجموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی دو بلوں کی منظوری
December 04, 2020

فائل فوٹو۔

آزادجموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی نے آج دو بلوں کی منظوری دی ہے۔ان بلوں میں آزادجموں و کشمیر چیریٹیز رجسٹریشن، ضابطہ کاری و سہولت کاری ایکٹ 2020ء اور آزادجموں و کشمیر کوڈ 19 (انسدادذخیرہ اندوزی) ایکٹ 2020ء شامل ہیں۔ان ڈرافٹ ایکٹس پر کمیٹی کی رپورٹ بھی ایوان میں پیش کی گئی۔رکن اسمبلی فائزہ احسن کی جانب سے اٹھائے گئے ایک نکتے کے جواب میں قائد ایوان راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ کورونا وائرس کے احتیاطی اقدامات کے ساتھ تعلیم اور سیاحت کے شعبوں کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں کورونا کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے اور مظفر آباد' کوٹلی اور راولاکوٹ سب سے زیادہ متاثر اضلاع ہیں۔راجہ فاروق حیدر خان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے تحفظ کے لئے بازاروں' مساجد اور دفاتر میں کوروناسے بچائو کے حفاظتی اقدامات پر عمل کریں۔بعد میں سپیکر شاہ غلام قادر نے ایوان کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا۔