Thursday, 25 April 2024, 02:25:12 pm
آج سندھ کاثقافتی دن منایاجارہا ہے
December 04, 2022

آج سندھ کا ثقافتی دن منایا جارہا ہے ۔

دنیا بھر میں بسنے والے سندھی ہرسال دسمبر کے پہلے اتوار کو ثقافتی دن مناتے ہیں ۔اس موقع پر صوبے اور ملک بھر میں کئی سیمینار اور پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں ۔سندھی ثقافت کے مختلف پہلوئوں اورمعاشرے میں باہمی ہم آہنگی قائم کرنے کی غرض سے ان کے کردار کو اجاگر کرنے کیلئے ثقافتی تقریبات موسیقی کے پروگرام ، ریلیوں ، سیمینارز اورکانفرنسوں کا اہتمام کیاگیا ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے آج ایک ٹویٹ میں ثقافتی دن منانے والے سندھی بہن بھائیوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہاکہ سندھ کی تہذیب ہزاروں سال سے نہ صرف اس خطے بلکہ پوری انسانیت کی تہذیب کی خوبصورتی میں بھی اضافہ کررہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ آج باب اسلام سندھ کی تہذیب اور ثقافت کا دن ہے جو پاکستان میں وفاق کی ایک اکائی کی خوبصورتی کامظہر ہے ۔

وزیرخارجہ اورپاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ سندھی ثقافت سندھی روایات اوراسلامی ثقافت کا خوبصورت امتزاج ہے ۔انہوں نے کہاکہ موہن جودڑو سندھی ثقافت کی ماں ہے اور پاکستان کا ثقافتی تنوع ملکی استحکام اور خوبصورتی کا باعث ہے۔انہوں نے کہاکہ دنیا نے اس بات کو تسلیم کیا ہے کہ ثقافت انسانیت کا مشترکہ ورثہ ہے۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے دنیا بھر میں مقیم سندھیوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہاکہ سندھی ثقافت اجرک اورسندھی ٹوپی کے خوبصورت رنگوں کے ساتھ ساتھ دوسری ثقافت کیلئے محبت اور احترام کو فروغ دیتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سندھی تہذیب نے پوری دنیا کی محبت سمیٹی ہے ۔