Friday, 29 March 2024, 02:52:54 am
آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جارہا ہے
February 05, 2023

آج (اتوار) کو یوم یکجہتی کشمیر منایا جارہا ہے جس کا مقصد کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد کیلئے پاکستان کے عوام کی جانب سے غیر متزلزل حمایت کا اظہار کرنا ہے۔

دن کا مقصد بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں کشمیر میں کشمیریوں کے خلاف قابض بھارتی فوج کے بدترین مظالم کو بے نقاب کرنا بھی ہے۔

ملک بھر میں صبح دس بجے ایک منٹ کیلئے خاموشی اختیار کی جائے گی اور کشمیری شہداء کی قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے سائرن بجائے جائیں گے۔

اسلام آباد، مظفر آباد، گلگت اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں یکجہتی واکزکا بھی اہتمام کیا جائے گا۔

کوہالہ سمیت پاکستان اور آزاد کشمیرکو ملانے والے دیگر اہم مقامات پر انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائی جائیں گی۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف مظفرآباد میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کریں گے۔

ریڈیو پاکستان بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے خصوصی پروگرام نشر کرے گا۔

جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے چیئرمین ، سروسز چیفس اور پاکستان کی مسلح افواج نے اقوام متحدہ کی قراردادوں اورکشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق بہادر کشمیریوں کی اپنے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجرجنرل احمد شریف چوہدری نے آج ایک ٹویٹ میں کہاکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور مظالم کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکتے۔