Friday, 19 April 2024, 12:17:10 am
پاکستان کوموسمیاتی تبدیلی سے محفوظ ملک بنانے کیلئے لائحہ عمل تیارکرلیا:احسن
December 05, 2022

منصوبہ بندی و ترقی کے وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں سے محفوظ ملک بنانے کیلئے لائحہ عمل تیار کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے آج اسلام آباد میں نیشنل فلڈ ریسپانس سنٹر میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس لائحہ عمل کو عالمی برادری سے امداد کے حصول کیلئے ان کو بھی پیش کیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں، مسلح افواج اور دوسرے اداروں نے مل کر حالیہ تباہ کن سیلاب سے درپیش فوری چیلنج کا کامیابی سے مقابلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بحالی اور تعمیرنو کا مرحلہ ایک نئے طریقہ کار اور ادارہ جاتی انتظام کے تحت مکمل کیا جائے گا جس کا مقصد موسمیاتی تبدیلیاں برداشت کرنے والا بنیادی ڈھانچہ تعمیر کرنا ہے۔وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے تیس ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا جو ہماری مجموعی ملکی پیداوار کا دس فیصد ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور سندھ میں بدترین تباہی ہوئی ہے۔انہوں نے مخیر حضرات پر زور دیا کہ وہ متاثرین سیلاب کی مکمل بحالی تک ان کی امداد جاری رکھیں۔احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ملکوں میں سے ایک ہے اور اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے عالمی برادری سے امداد حاصل کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نقصانات کے ازالے کیلئے فنڈ کا قیام ایک بڑی کامیابی ہے اور وزیر اعظم شہباز شریف اور دوسرے ترقی پذیر ملکوں کی قیادت نے اس سلسلے میں اپنا مقدمہ بہترین طریقے سے پیش کیا۔