Tuesday, 23 April 2024, 11:19:24 am
صدر کی متعلقہ شراکت داروں کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا پروٹو ٹائپ تیار کرنے کی ہدایت
May 06, 2021

صدرملکت ڈاکٹر عارف علوی نے متعلقہ شراکت داروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ وفاقی کابینہ میں پیش کرنے کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا پروٹو ٹائپ تیار کریں۔ جمعرات کے روز اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پروٹوٹائپ قومی اسمبلی کے اراکین کو پیش کیاجائے گا ۔صدر نے تارکین وطن پاکستانیوں کیلئے آئی ووٹنگ کے عمل کو تیز کرنے کی ضرورت پر زوردیا تاکہ وہ احسن انداز میں انٹرنیٹ کے ذریعے رجسٹریشن کرکے اپنے ووٹ کاسٹ کرسکیں۔انہوں نے کہاکہ ووٹنگ کے جدید طریقوں مثال کے طورپر آئی ووٹنگ اور ای وی ایمز سے رسائی بڑھے گی اور پولنگ کے دن نتائج کا عمل تیز ہوگا اور عام انتخابات میں شفافیت یقینی بنے گی۔وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی شبلی فراز نے ای وی ایم کے پروٹوٹائپ بنانے کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیش رفت سے اجلاس کو آگاہ کیا ۔صدر نے کہاکہ وہ اراکین پارلیمان اور سیاسی جماعتوں کے اراکین کو اس عمل میں شامل کریں گے تاکہ آئندہ عام انتخابات میں ای وی ایمز کو متعارف کرانے کی حمایت حاصل کی جاسکے ۔انہوں نے اس خواہش کابھی اظہار کیاکہ چیف الیکشن کمشنر اورالیکشن کمیشن کے اراکین سے بھی مشاورت کی جائے تاکہ تارکین وطن پاکستانیوں کیلئے ای وی ایمز ، بائیو میٹرک تصدیق کی مشینوں اور آئی ووٹنگ کو عملی جامہ پہنایا جاسکے ۔قائم مقام چیئرمین نادرا نے اجلاس کو یقین دلایا کہ نادرا آئی ووٹنگ کیلئے مکمل مدد فراہم کی جائے گی ۔