Friday, 29 March 2024, 01:41:11 am
حریت کانفرنس کا اقوام متحدہ سے مقبوضہ وادی میں بھارتی فوجیوں کے انسانیت سوز مظالم کیخلاف کارروائی کا مطالبہ
December 06, 2021

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے تنازعہ کشمیرسے فوجی طاقت کے ذریعے نمٹنے کی بھارتی سوچ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر خالصتاً ایک سیاسی مسئلہ ہے جسے حق خود ارادیت کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے جس کی ضمانت اقوام متحدہ نے کشمیری عوام کو دے رکھی ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے وائس چیئرمین غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںکہاکہ اپنے ناقابل تنسیخ حق کے حصول کیلئے کشمیریوں کی بیش قیمت قربانیاں جدید دنیا کی انقلابی تحریکوں میں ایک شاندارباب کا اضافہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کے 10 لاکھ سے زائد قابض فوجیوں نے پوری کشمیری قوم کو محصور کر رکھا ہے جنہیں کالے قوانین کے تحت کسی بھی شخص کے قتل کی کھلی چھوٹ حاصل ہے ۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا اور بھارت کیخلاف ضروری قانونی کارروائی پرزوردیا۔ قصبے شوپیاں میںکشمیریوں خصوصا خواتین نے قابض انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف بطور احتجاج سڑک بلاک کر دی ۔ سینئر حریت رہنما انجینئر فاروق احمد خان آج حرکت قلب بند ہونے کے باعث سوپور میں انتقال کر گئے۔پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل عام کیخلاف نئی دلی میں احتجاجی دھرنے کی قیاد ت کی۔احتجاج کے دوران ’’کشمیر کا تنازعہ حل کرو،دفعہ 370 اور 35A بحال کرو،کشمیر میں خونریزی بند کرو اوربے گناہ کشمیریوں کا قتل بند کرو ‘‘جیسے نعرے لگائے گئے۔