Friday, 19 April 2024, 10:00:08 am
مشیر قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کو بند کمرہ اجلاس میں بریفنگ
December 06, 2021

قومی سلامتی کے بارے میں پارلیمانی کمیٹی کا چوتھا بند کمرہ اجلاس پیر کو پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔قومی سلامتی کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر ڈاکر معید یوسف نے کمیٹی کو پالیسی کی تفصیلات پیش کیں۔ڈاکٹر معید یوسف نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ قومی سلامتی پالیسی انسانوں، معیشت اور عسکری سلامتی کے درمیان علامتی تعلق کو فروغ دینے کیلئے وضع کی گئی ہے جس میں شہریوں کے تحفظ اور خوشحالی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پالیسی میں اقتصادی سلامتی کو ترجیح دی گئی ہے تاکہ انسانی اور عسکری سلامتی کے شعبوں میں بڑی سرمایہ کاری کیلئے قومی وسائل کے دائرہ کار کو وسعت دی جاسکے۔معید یوسف نے کمیٹی کو بتایا کہ قومی سلامتی پالیسی مرتب کرنے کیلئے شراکت داروں کے ساتھ مشاورتی عمل 2014 میں قومی سلامتی ڈویژن کے قیام کے بعد شروع کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ یہ پالیسی ایک فعال مسودہ ثابت ہوگی جس پر ہر سال نظرثانی کی جائیگی تاکہ تیزی سے بدلتی ہوئی عالمی صورتحال میں قومی سلامتی پالیسی پر موثر عملدرآمد کا تسلسل برقرار رکھا جاسکے۔قومی سلامتی کے مشیر نے کہا کہ قومی سلامتی پالیسی پہلا مسودہ ہوگا جو آئندہ سالوں میں پاکستان کو درپیش چیلنجز اور مواقع کا احاطہ کرتے ہوئے حکومت کی بھرپور توجہ کے ذریعے امکانات سے استفادہ کرنے کیلئے پالیسی رہنما اصول فراہم کریگا۔