Friday, 19 April 2024, 09:10:16 am
نوجوانوں کی صلاحتیں نکھارنے کیلئے سینٹر آف ایکسی لینس قائم کئے جائیںگے،وزیراعظم
December 06, 2021

وزیراعظم عمران خان نے پیر کے روز اسلام آباد کے جناح سٹیڈیم میں ایک شاندار تقریب میں مشعل جلا کر ملک کی تاریخ میں کھیلوں کے سب سے بڑے منصوبے کامیاب جوان سپورٹس پروگرام کا افتتاح کیا۔تقریب میں تمام وفاقی اکائیوں سے بڑی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی۔پروگرام کے تحت چار ارب روپے مالیت کے چارمنصوبے شروع کیے گئے ہیں جن کا مقصد نوجوانوں کوہم نصابی اورکھیلوں کی سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہے۔اس موقعے پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ اس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو بین الاقوامی سطح کے مقابلوں کیلئے تیار کرنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مختلف کھیلوں میں پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے سنٹرز آف ایکسیلنس قائم کیے جائیںگے۔عمران خان نے کہاکہ مافیا کے پرانے نظام سے چھٹکارا پانے کیلئے کھیلوں کی نئی پالیسی بھی وضع کی گئی ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی ستر فی صد آبادی تیس سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے اور ہر یونین کونسل میں کھیلوں کے میدان بنا کر ملک بھر میں کھیلوں کے میدانوں کا جال بچھایا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ ابتک خیبرپختونخوا حکومت نے تین سو جبکہ پنجاب حکومت نے کھیلوں کے دوسوساٹھ میدان بنائے ہیں۔بین الصوبائی رابطے کی وزیر فہمیدہ مرزا نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کی نئی پالیسی کے تحت میرٹ کی سختی سے پابندی کی جائیگی تاکہ ہمارے باصلاحیت نوجوانوں کو عالمی سطح پرملک کا تشخص بہتر بنانے کے مواقع مل سکیں۔نوجوانوں کے امور کے بارے میں معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور اپنا کاروبار شروع کرنے میں انکی مدد کیلئے وزیراعظم کی جانب سے ایک کھرب روپے مختص کئے گئے ہیں۔