Wednesday, 24 April 2024, 12:28:09 pm
پانی کے بہتراستعمال کے بارے میں قوم میں آگاہی پیداکی جائے:صدرمملکت
December 06, 2021

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک میں پانی کے بہتر اور محتاط استعمال کے بارے میں قوم میں آگاہی پیدا کی جائے کیونکہ پاکستان ان ملکوں میں شامل ہے جنہیں شدید آبی قلت کا سامنا ہوسکتا ہے۔

 وہ آج اسلام آباد میں سندھ طاس کےلئے موسمیاتی بحران میں پائیدار آبی انتظام کی ضرورت کے موضوع پر ایک بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

 انہوں نے کہا کہ پانی کی قلت اور بے تحاشا استعمال کی وجہ سے زیرزمین وسائل میں بھی خطرناک حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث درجہ حرارت بڑھنے اور گلیشروں کے تیزی سے پگھلنے سے خطرناک اثرات بھی مرتب ہوئے ہیں۔

 صدر نے کہا کہ حکومت ملک میں آبی ذخائر کی تعمیر کےلئے موثر طورپر کام کررہی ہے اور یہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے پانی محفوظ بنانے کےلئے قطراتی نظام  آبپاشی جیسے  جدید طریقے اختیار کرنے پرزوردیا ہے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سائنس و ٹیکنالوجی کے وزیر شبلی فراز نے کہاکہ پانی کی قلت اورموسمیاتی تبدیلی موجودہ  حکومت کے اولین  تحفظات ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پانی کی قلت کے شدید مسئلے کا سامنا ہے کیونکہ زیر زمین پانی کی سطح گررہی ہے اور فی کس پانی کی دستیابی میں کمی آرہی ہے۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور پانی کی قلت کے مسائل کے حل کےلئے اعدادوشمار کا تبادلہ ناگزیر ہے انہوں نے کہا کہ ہم سائنسی اعدادو شمار اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے سائنسی تحقیق کو عوام کے مفاد میں بروئے کار لانے کی کوشش کررہے ہیں۔

 شبلی فراز نے کہا کہ آبی وسائل کےلئے پاکستان کونسل آف ریسرچ اور وفاقی ترقیاتی ادارے نے وفاقی دارالحکومت میں مصنوعی طریقے سے زیرزمین پانی کی سطح بڑھانے اور شواہد کی بنیاد پر زیرزمین پانی کی نگرانی کے نظام کی ترقی کےلئے تعاون کے ایک پروگرام پر دستخط کئے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ سال جون تک اسلام  آباد پہلا شہر ہوگا جہاں زیر زمین پانی کی سطح بڑھانے کےلئے سو کنووں کا نیٹ ورک اور زیرزمین پانی کی نگرانی کا نظام موجود ہوگا۔