Saturday, 20 April 2024, 09:30:38 am
سیاسی جماعتیں مچھ کے واقعہ پر سیاست سے باز رہیں،ترجمان
January 07, 2021

بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے تمام سیاسی جماعتوں سے کہا ہے کہ مچھ کے واقعے پر سیاست سے باز رہیں۔انہوں نے جمعرات کے روزکوئٹہ میں صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے میں ملوث عناصر کو بہت جلد گرفتارکرلیا جائے گا۔لیاقت شاہوانی نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے بھر میں ہزارہ برادری کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔لیاقت شاہوانی نے مظاہرین سے پھر درخواست کی کہ میتوں کو دفن کر دیں اور تین میتیں افغان حکومت کے حوالے کرنے میں صوبائی حکومت سے تعاون کریں۔ادھر سندھ کے وزیراعلیٰ سید مرادعلی شاہ نے کہا ہے کہ مچھ کا ٹارگٹڈ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے عوام ہزارہ برادر ی کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور انہوں نے سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے بھی اس دہشت گردانہ حملے میں بے گناہ افراد کے قتل کی مذمت کی۔ادھر پنجاب کے گورنر چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ سانحہ مچھ میں ملو ث دہشت گردوں کو ہر قیمت پر انصاف کے کٹہر ے میں لایا جائے گا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج شام گورنر ہائوس کے قریب مظاہرین کے کیمپ کے دورے کے بعد ہزارہ برادری سے یکجہتی کااظہار کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سانحہ مچھ میں ملوث مجرم اسلام اور قوم کے دشمن ہیں۔