Friday, 19 April 2024, 09:47:51 pm
شہرہ آفاق اداکار دلیپ کمار طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے
July 07, 2021

برصغیرکے شہرہ آفاق اداکار محمدیوسف خان المعروف دلیپ کمارآج صبح طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے ہیں۔ان کی عمراٹھانوے برس تھی۔وہ گیارہ دسمبرانیس سوبائیس میں پاکستان کے شہرپشاورمیں پیدا ہوئے ان کافلمی نام دیویکارانی نے تجویز کیاتھا جنہوں نے انہیں انیس سو چوالیس میں ان کی پہلی فلم جواربھاٹہ میں کاسٹ کیا۔دلیپ کمارنے بھارتی سینماکی جن انتہائی مشہوراورکامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ان میں مغل اعظم، دیوداس، نیادور،رام اورشیام اورمدھومتی بھی شامل ہیں۔حکومتِ پاکستان نے انہیں 1998ء میں نشانِ پاکستان کے اعزاز سے بھی نوازا۔

وزیر اعظم نے اپنے ٹویٹر پیغام میں تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ شوکت خانم میموریل ہسپتال منصوبے کے آغاز کے موقع پر فنڈز اکٹھا کرنے میں ان کی سخاوت کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔وزیر اعظم نے کہا کہ دلیپ کمار ایک عظیم اور منفرد اداکار تھے۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے برصغیر کے معروف اداکار محمد یوسف خان جو دلیپ کمار کے نام سے مشہور تھے، کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ایک ٹویٹ میں صدر نے کہا کہ دلیپ کمار ایک باصلاحیت اداکار، عاجز انسان اور باوقار شخصیت تھے۔ڈاکٹر عارف علوی نے یوسف خان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا بھی کی۔ادھر اطلاعات و نشریات کے بارے میں سینٹ کی قائمہ کمیٹی کے سینیٹر فیصل جاوید نے بھی یوسف خان کے انتقال پر تعزیت کی۔

اطلاعات و نشریات کے وزیر فواد حسین چوہدری نے دلیپ کمار کے انتقال کر بڑا نقصان قرار دیا ہے۔اپنے ایک ٹویٹ میں یوسف خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ وہ ایک نامور ہیرو تھے۔

سینٹ کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید خان نے ایشیاء کے عظیم اداکار محمد یوسف خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے