Friday, 29 March 2024, 08:14:28 pm
وزیراطلاعات نے پشتو موسیقی کو ڈیجیٹلائز کرنے کے سلسلے میں ریڈیو پاکستان کے اقدام کو سراہا
January 08, 2021

اطلاعات و نشریات کے وزیر سینیٹر شبلی فراز نے پشتو موسیقی کو ڈیجیٹلائز کرنے کے سلسلے میں ریڈیو پاکستان کے اقدام کو سراہاہے، جس کا مقصد پاکستان کے ثقافتی ورثے کا تحفظ کرنا ہے۔ 

وہ جمعہ کی شام اسلام آباد میں نیشنل براڈ کاسٹنگ ہائوس میں ریڈیو پاکستان پشتو میوزک کی ای لائبریری کے افتتاح کے بعد ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ شبلی فراز نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے ہماری مستقبل کی نسلوں کے لیے ہماری تاریخ کو محفوظ کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ ریڈیو پاکستان کو ملک کی تمام زبانوں میں ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔وفاقی وزیر نے ملک میں دوسری علاقائی زبانوں کے گانوں اور موسیقی کو بھی ڈیجیٹلائز کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک شاعر اپنے کلام کے ذریعے اپنے دور کی صورتحال کی عکاسی کرتا ہے۔ اطلاعات و نشریات کی سیکرٹری زاہدہ پروین اور ریڈیو پاکستان کی ڈائریکٹر جنرل عنبرین جان بھی اس موقع پر موجود تھیں۔