ثقافت اور قومی ورثے کے نگران وزیرجمال شاہ نے ثقافتی اور ادبی ورثے کی بحالی کیلئے ایک جامع منصوبے کا اعلان کیاہے۔
یہ منصوبہ آج اسلام آباد میں ایک اجلاس کے دوران پیش کیا گیا۔
جمال شاہ نے اس موقع پر کہا کہ بحالی منصوبے کے تحت رہنمائی کے پروگرام منعقد کئے جائینگے جن میں نوجوانوں، سینئر فنکاروں اور ماہرین فن کو ایک جگہ جمع کیا جائیگا تاکہ ثقافتی ورثے کو محفوظ کیا جائے اور اسے فروغ دیا جاسکے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ متعلقہ اداروں سے فعال رابطے کیلئے نوجوان رضاکار گروپ اور فورم قائم کئے جائینگے تاکہ مستقبل میں مشترکہ ترقی کیلئے ان کے قائدانہ کردار کو مستحکم کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی اور پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کے تعاون سے نئے فنکاروں کی تلاش کیلئے شو شروع کیا جائیگا۔جمال شاہ نے کہا کہ ان کا ڈویژن وزارت اطلاعات ونشریات، پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس اور پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کے تعاون سے نیشنل میوزک اکیڈمی کے قیام کا منصوبہ بھی بنارہا ہے۔اجلاس میں بیرونی سرمایہ کاری کی ترغیب دینے کی غرض سے سیاحتی مقامات کو ترقی دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ قومی یکجہتی، امن اور خوشحالی کے ذرائع کی حیثیت سے ان وسائل سے حقیقی معنوں میں استفادہ کیا جاسکے۔