Friday, 19 April 2024, 09:57:36 am
گلگت بلتستان میں واحد قومی تعلیمی نصاب مرحلہ وار رائج کیا جا رہا ہے، وزیرتعلیم گلگت بلتسان
October 08, 2021

گلگت بلتستان کے وزیر تعلیم راجہ محمد اعظم خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں واحد قومی تعلیمی نصاب مرحلہ وار رائج کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے یہ بات آج( جمعہ) اسلام آباد میں ریڈیو پاکستان کے خبروں اور حالات حاضرہ کے چینل سے ایک انٹرویو میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ یکساں تعلیمی نصاب کا نفاذ پاکستان تحریک انصاف کا منشور ہے۔راجہ محمد اعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت کی دانش مندانہ پالیسیوں کی وجہ سے وہاں سکول نہ جانے والے بچوں کی تعداد ملک کے دوسرے علاقوں کی نسبت کم ہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ خالد خورشید نے مراعات کا اعلان کیا ہے جن میں لڑکیوں کو پندرہ سو روپے اور لڑکوں کو ایک ہزار روپے سفری اخراجات کیلئے دیئے جا رہے ہیں تاکہ سکولوں میں بچوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان کی حکومت اپنے علاقے میں معیاری اور سستی تعلیم کیلئے جرات مندانہ اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی پر مبنی STEM تعلیمی نظام ابتدائی منصوبے میں شامل کیا جا رہا ہے جس کا آغاز سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت نے کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اگلے سال بلتستان اور گلگت میں ایک ایک میڈیکل کالج قائم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ایک سوال پر راجہ اعظم خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کی حکومت تعلیمی اداروں کو ڈیجیٹل کرنے کیلئے کام کر رہی ہے اور سالانہ ترقیاتی پروگرام میں اس کیلئے خصوصی رقوم مختص کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو شمسی توانائی کا نظام بھی فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ ای۔لرننگ کا کام خوش اسلوبی سے انجام پا سکے۔راجہ اعظم خان نے ملک میں تعلیم کی اہمیت سے متعلق شعور اجاگر کرنے میں قومی نشریاتی ادارے کے کردار کی تعریف کی۔