Thursday, 28 March 2024, 08:01:17 pm
مودی سرکار کی جانبدار میڈیا کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال چھپانے کی کوشش
March 10, 2023

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں اور تنظیموں نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت اپنے جانبدار میڈیا کے پروپیگنڈے کے ذریعے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال کو چھپا نہیں سکتی ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں اور تنظیموں جموں و کشمیر مسلم لیگ اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے سری نگر میں اپنے بیانات میں افسوس ظاہر کیا کہ مودی حکومت نے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے بعد خوف و ہراس کی فضا پیدا کرنے کے لیے مقبوضہ علاقے کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی نے بھارت کو کشمیریوں کے حق خودارادیت کی آواز کو وحشیانہ فوجی طاقت سے کچلنے کی آزادی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کیے بغیر خطے میں دیرپا امن اور خوشحالی ممکن نہیں۔ادھر مودی حکومت نے کشمیریوں کی جاری تحریک آزادی کو دبانے کی اپنی کوششوں میں تیزی لانے کے لیے مقبوضہ کشمیر میں بارڈر پولیس کی مزیدچوکیاں قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔قابض انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کو آج بھی مسلسل گھر میں نظر بند رکھا اور انہیں متواتر185 ویں ہفتے جامع مسجد سری نگر میں نماز جمعہ ادا کرنے سے روک دیا۔انڈین نیشنل کانگریس کی مقبوضہ جموںوکشمیر شاخ کے صدر وقار رسول وانی نے جموں میں ایک پارٹی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے علاقے میں عوام کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔مقبوضہ جموں و کشمیر کی ہائی کورٹ نے تین نوجوانوں کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت غیر قانونی حراست کالعدم قرار دیتے ہوئے انتظامیہ کو انہیں فوری طور پر رہا کرنے کی ہدایت کی۔بھارتی ریاست بہار کے ضلع چھپرا میں ہندو توا ہجوم نے ایک مسلمان شخص نصیب قریشی کو گائے کا گوشت لے جانے کے شبے میں پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔