Saturday, 20 April 2024, 02:31:56 pm
بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائیوں میں مزید 12کشمیر ی نوجوان شہید کر دیے
April 11, 2021

غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں میں گزشتہ 72 گھنٹے کے دوران مزید 12 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

بھارتی فوجیوں نے آج ضلع شوپیان کے علاقے ہادی پورہ میں تین اورضلع اسلام آباد کے علاقے بجبہاڑہ میں دو نوجوانوں کو شہید کیا۔ اس سے پہلے فوجیوں نے شوپیان اور پلوامہ اضلاع میں جمعرات اور جمعہ کے روز محاصروں اورتلاشی کی الگ الگ کارروائیوں کے دوران سات نوجوانوں کو شہید کیاتھا۔قابض حکام نے جنوبی کشمیر کے شوپیان ، پلوامہ اور اسلام آباد اضلاع میں انٹرنیٹ سروسز معطل کردیں۔ بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری کشمیریوں کی نسل کشی کے خلاف آج شوپیان، پلوامہ، کولگام اور اسلام آباد اضلاع میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کی بڑھتی ہوئی ریاستی دہشت گردی کے خلاف بطوراحتجاج دی تھی۔کشمیر کونسل یورپ کے چیئرمین علی رضا سید نے برسلز میں جاری ایک بیان میں نوجوانوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم کا ذمہ دار ہے۔ حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے اپنے بیانات میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے نوجوانوں کے قتل اور ایک مسجد کی بے حرمتی کی مذمت کی ہے۔ سیاہ برقعوں میں ملبوس درجنوں کشمیری خواتین نے بھارتیہ جنتا پارٹی اور راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کی سرپرستی میں کشمیریوں کے معاشرتی اقدار کیخلاف ہونیوالے ایک فیشن شو کے خلاف سرینگر میں جلوس نکالا۔ خواتین کا کہنا تھا کہ مودی کی زیرقیادت فسطائی بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں اسلامی تہذیب کو ختم کرنا چاہتی ہے تاکہ یہاں کی شناخت موجود نہ رہے۔