Thursday, 18 April 2024, 08:39:08 pm
حکومت کاشتکاروں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے ، سید فخرامام
April 11, 2021

قومی تحفظ خوراک اور تحقیق کے وفاقی وزیر سید فخر امام نے کہا ہے کہ حکومت کسانوں کو سہولت دینے کیلئے پوری طرح پر عزم ہے اور ان کے مسائل کے حل کو اولین ترجیح دی جائے گی۔

انہوں نے یہ بات اتوار کے روز ملتان میں پنجاب کے وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہی۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کو جدید ترین ٹیکنالوجی فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ ان کے اخراجات میں کمی اور آمدنی میں اضافہ ہو۔انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل کے حملوں کے باوجود فصلوں کی پیداوار کے اہداف حاصل کر لئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کو کپاس کا تصدیق شدہ بیج فراہم کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں تاکہ کپاس کی پیداوار میں اضافہ ہو سکے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پنجاب کے وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی نے کہا کہ وزیراعظم کے ہنگامی زرعی پروگرام کے تحت تین سو ارب روپے کے فنڈ سے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کو جدید مشینری پر سنتالیس کروڑ روپے سے زیادہ کی اعانت دی گئی ہے جس میں سے ڈرب کے ذریعے آبپاشی کے نظام پر پچاس فیصد اور شمسی توانائی کے نظام پر ساٹھ فیصد اعانت دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سیڈکونسل نے مختلف فصلوں کے ایک سو سنتالیس نئے اقسام کے بیجوں کی منظوری دی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں گزشتہ دو سال کے دوران اٹھہتر ہزار ایکڑ بنجر زمین کو قابل کاشت بنایا گیا ہے۔