Friday, 29 March 2024, 01:48:04 pm
حدیبیہ پیپر ملز کیس،پانامہ پیپر کیس کے مقابلے میں بڑے فراڈ کی کہانی ہے،وزیر اطلاعات
May 11, 2021

اطلاعات ونشریات کے وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حدیبیہ پیپرملز کا مقدمہ تقریبا ایک ارب چوبیس کروڑ بیس لاکھ روپے کے فراڈ کی کہانی ہے اوریہ رقم حجم کے لحاظ سے پانامہ پیپرز کے معاملے سے کہیں زیادہ ہے۔

منگل کے روز متعددٹویٹس میں تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ مقدمہ سال دوہزار میں اس وقت شروع ہوا جب قومی احتساب بیورو نے ریفرنس دائر کیا اور شریف خاندان کے افراد اس مقدمے کے مرکزی کردار ہیں۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے جعلی فارن کرنسی اکانٹس کھولے تاکہ اس فراڈ میں شریف خاندان کی مدد کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار اس کیس میں وعدہ معاف گواہ بنے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کے ساتھ تفصیلی بیان بھی ریکارڈ کرایا لیکن بعدازاں وہ اپنے بیان سے یہ کہہ کر پیچھے ہٹ گئے کہ یہ بیان دبا کے تحت لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ حدیبیہ پیپرمل کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال سے ظاہر ہوتا ہے کہ کثیررقم تھی جسے شیئرڈیپازٹ منی کے طور پر ظاہر کیا گیا۔جس کمپنی کا شیئر کیپیٹل صرف 9 کروڑ 57لاکھ روپے تھا اس میں اتنی بڑی رقم کے آنے سے تحقیق کاروں میں زبردست شکوک و شبہات پیدا ہوئے کیونکہ اس کمپنی کو 80 کروڑ 98لاکھ 34 ہزار روپے کا خسارہ ہو رہا تھا۔اس کے نتیجے میں نیب نے نیب آرڈیننس 1999 کے تحت معاملے کی تحقیقات کا حکم دیدیا۔فواد چودھری نے کہا کہ ملزم رقوم حاصل کرنے کے ذرائع کی وضاحت میں ناکام رہے۔چودھری فواد حسین نے کہا کہ نئی تفتیش کا فیصلہ تب کیا گیا جب اس کیس کے کچھ نئے حقائق سامنے آگئے۔وزیر نے کہا کہ انصاف کا تقاضا ہے کہ ادارے اپنا کردار ادا کریں کیونکہ پاکستان کا مستقبل قانون کی بالادستی پر منحصر ہے۔