Friday, 29 March 2024, 04:05:10 pm
موسمیاتی نظام میں تبدیلی سے قدرتی موسم متاثر ہوا ہے،ڈاکٹرخالد ملک
September 11, 2020

محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر اور ترجمان ڈاکٹر خالد ملک نے کہا ہے کہ موسمیاتی نظام میں تبدیلی سے قدرتی موسم متاثر ہوا ہے جس کے نتیجے میں سندھ خصوصاً کراچی میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔انہوں نے جمعہ کی شام ریڈیو پاکستان کے خبروں اور حالات حاضرہ کے چینل کو ایک خصوصی انٹرویو میں کہا کہ انہوں نے اس سال جون میں سندھ سمیت ملک کے مختلف حصوں میں اگست کے مہینے میں بیس فیصد اضافی بارش ہونے کے خطرے کے بارے میں خبردار کر دیاتھا۔ڈائریکٹر نے کہا کہ کراچی کا نکاسی آب کا نظام اتنا مضبوط نہیں تھا کہ وہ چھ سو ملی میٹر بارش کا مقابلہ کرسکتا جس کی وجہ سے شہر میں شدید سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ڈاکٹر خالد ملک نے کہا کہ پاکستان کا محکمہ موسمیات دو منصوبوں پر کام کررہا ہے۔پہلے منصوبے کے لئے فنڈز اقوام متحدہ کا ترقیاتی پروگرام فراہم کرے گا جس کا مقصد برفانی تودوں اور وادیوں میں موجودہ صورتحال کی نگرانی اور گلگت اور خیبرپختونخوا میں پیشگی خبردار کرنے کے نظام کی تنصیب ہے۔انہوں نے کہا کہ پانچ سال کے دورانیے کے دوسرے منصوبے جس کے لئے فنڈز عالمی بینک فراہم کرے گا اس سال کے آخر میں شروع ہوگا جس کے تحت پاکستان میںریڈار سسٹم نصب اور موسم سے متعلق بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایا جائے گا۔