Friday, 19 April 2024, 12:41:14 pm
وزیراعظم کی آبی کھالوں سے پانی کی چوری روکنے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت
November 12, 2021

وزیراعظم عمران خان نے کسانوں کے مسائل حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے اور آبی کھالوں سے پانی کی چوری روکنے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے کاشتکاروں کے ایک وفد سے اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے آڑھتیوں کاکردار کم کرنے پر زور دیا تاکہ کسان اپنی فصلوں کی اچھی قیمت حاصل کر سکیں۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خاتمے کیلئے متعلقہ قوانین پر عملدرآمد کی بھی ہدایت کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ زرعی شعبے کی صلاحیت کو بروئے کار لانے کیلئے حکومت نے 277ارب روپے کا مثالی زرعی ایمرجنسی پروگرام شروع کیا ہے۔یہ اقدام آبی اور حیوانات کے شعبوں کی ترقی کے ساتھ ساتھ گندم ،چاول ، گنے ،دالو ں اور خوردنی تیل پیدا کرنے والی فصلوں کی پیداوار میں اضافے کیلئے شروع کیا گیا ہے ۔عمران خان نے کہا کہ زرعی شعبے کو جدیدبنانے کیلئے حکومت کاشتکاروں کیلئے کسان کارڈ کووسعت دے رہی ہے اور کاشتکار کارڈ کے ذریعے زرعی قرضے ،فصلوں کیلئے کھاد،بیج اور ادویات پر سبسڈی جیسے مختلف حکومتی پروگراموں سے فائدہ حاصل کریں گے۔