Wednesday, 17 April 2024, 03:02:24 am
وزیراعظم کاپاکستان ترکی تعلقات کومضبوط اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنےپرزور
January 13, 2021

وزیراعظم عمران خان نے اسلام کے خلاف منفی رجحانات کی روک تھام کیلئے کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو یہ بات بہتر انداز میں سمجھانے کی ضرورت ہے کہ مسلمان حضور اکرمۖ کی ذات اقدس سے کتنی محبت و عقیدت رکھتے ہیں۔

انہوں نے یہ بات بدھ کے روز اسلام آباد میں ترکی کے وزیر خارجہ Mevlut Cavusoglu سے ملاقات میں کہی۔ملاقات کے دوران پاک ترکی دوطرفہ تعلقات اور علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں ملکوں کے سیاسی تعلقات کی غیرمعمولی نوعیت کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے انہیں ٹھوس اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔فریقین نے باہمی تجارت، سرمایہ کاری، دفاع اور تعلیمی اور ثقافتی تعاون مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے تنازعہ کشمیر پر مستقل حمایت کرنے پر ترکی کا شکریہ ادا کیا اور مذموم بھارتی عزائم اور اقدامات پر روشنی ڈالی جن سے علاقائی امن و سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان علاقائی تناظر میں افغانستان میں تنازعے کے پرامن حل کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ملاقات میں دونوں ملکوں اور عوام کے باہمی مفاد میں پاک ترکی سٹریٹجک تعلقات مزید مضبوط بنانے اور اعلیٰ سطح کے وفد کے تبادلے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔