Friday, 29 March 2024, 07:02:54 am
وزیراعظم نے ای بڈنگ، ای بلنگ اور جی آئی ایس میپنگ نظام کا باضابطہ افتتاح کردیا
January 13, 2021

وزیراعظم عمران خان نے اچھے نظم و نسق، شفافیت برقرار رکھنے اور احتساب یقینی بنانے کیلئے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے تحت بدھ کے روز اسلام آباد میں ای بڈنگ، ای بلنگ اور جی آئی ایس میپنگ نظام کا باضابطہ افتتاح کیا۔

انہوں نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے ملک جدیدیت اور ڈیجیٹلائزیشن کی راہ پر گامزن ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ای بڈنگ سے مختلف منصوبوں کے ٹھیکے دینے میں انسانی کردار کم ہو گا جس سے پورے عمل میں بدعنوانی اور رشوت ستانی کا خاتمہ ہو گا۔وزیراعظم نے رواں سال جولائی تک ایف بی آر کو ڈیجیٹلائزکرنے کا عزم ظاہر کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم ایف بی آر میں خودکار اور ڈیجیٹل نظام کے آغاز سے زیادہ ٹیکس وصولی یقینی بنا سکتے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ ٹیکس وصولی میں اضافے سے ہمارے پاس وافرفنڈز ہوںگے جنہیں ہم انسانی ترقی پر خرچ کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہرممکن حد تک شفافیت یقینی بنانے کیلئے دوسری وزارتوں کو بھی ای گورننس سے فائدہ اٹھانے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

اس سے پہلے وزیرمواصلات مراد سعید نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزارت کی آمدن میں 100سو فیصد اضافہ ہوا ہے اور محکمے میں احتساب کے عمل کے زریعے 20ارب روپے سے زائد وصول کئے گئے ہیں۔سڑکوں کی تعمیر کے مختلف منصوبوں کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں 6ہزار کلومیٹر طویل نئی سڑکیں تعمیر کی جارہی ہیں۔