Friday, 26 April 2024, 02:12:01 am
کابینہ کی لاہور،راولپنڈی ،گوجرانوالہ،جہلم اور بہاولپور میں رینجرز تعینات کرنے کی منظوری
April 13, 2021

وفاقی کابینہ نے امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے لاہور،راولپنڈی ،گوجرانوالہ ،جہلم اور بہاولپور میں رینجرز تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔

وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے منگل کی شام اسلام آباد میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پاکستان کی زرعی اور غیر زرعی مصنوعات کیلئے جغرافیائی اشاریوں کے ٹیگز کیلئے رجسٹریشن اتھارٹی کے قیام کی منظوری دی گئی ہے جس کامقصد پاکستانی شناخت کو برقرار رکھنا ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستانی آموں ،قیمتی پتھروں و دیگر مصنوعات کیلئے جغرافیائی انڈیکٹر ٹیگ حاصل کیے جائیں گے تا کہ عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی شناخت اور تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ کابینہ نے مدعیان اور وکلاء کی سہولت کیلئے اسلام آباد میںLITIGANTسہولتی مرکز قائم کرنے کی منظور ی دی ہے۔انہوں نے کہا کہ زائرین کے انتظام کی پالیسی اور سٹوڈنٹ ویزا فیس میں کمی کی بھی منظوری دی گئی ہے۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اب متعلقہ ممالک میں پاکستانی سفارتخانوں سے جانشینی سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے۔انھوں نے کہا کہ لاہو ر میں تین سو ایکڑ سے زائد اراضی پر اٹھارہ ماہ کے اندر سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ تعمیر کیا جائے گا جس کا مقصد ملک میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اگلے ہفتے سے کابینہ اجلاس کی کارروائی پیپر لیس ہوا کرے گی جس سے لاکھوں روپے کی بچت ہوگی ۔