Friday, 19 April 2024, 10:35:51 am
بلوچستان میں8 ارب 40 کروڑ روپے کے منصوبوں پر عملدرآمد کررہے ہیں،امین الحق
September 15, 2021

انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر امین الحق نے کہا ہے کہ ان کی وزارت بلوچستان میں آٹھ ارب چالیس کروڑ روپے مالیت کے منصوبوں پر عملدرآمد کررہی ہے جس کا مقصد صوبے کے دور دراز پسماندہ علاقوں کو ٹیلی کام کی خدمات فراہم کرنا ہے۔

بلوچستان کے اضلاع چاغی اور نوشکی میں فورجی خدمات کی فراہمی کیلئے بدھ کے روز اسلام آباد میں ایک معاہدے پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ مواصلات کی جدید خدمات کی فراہمی سے بلوچستان میں تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ منصوبہ اٹھار ہ ماہ میں مکمل ہوگا جس پر ایک ارب چھتیس کروڑ روپے لاگت آئے گی۔چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے جو اس موقع پر موجود تھے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں شعور اجاگر کرنے اور ان کا احساس محرومی ختم کرنے کیلئے اس طرح کے منصوبے اہم ہیں۔ گزشتہ مالی سال کے دوران آئی ٹی برآمدات میں سینتالیس فیصد اضافے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر نے کہا کہ وزارت نے موجودہ مالی سال کیلئے ساڑھے تین ارب روپے کی برآمدات کا ہدف مقرر کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ قابل قدر غیر ملکی زرمبادلہ کیلئے فری لانسنگ کی بھی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔