بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں آج ضلع بارا مولہ میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔
فوجیوں نے ان نوجوانوں کو اوڑی کے علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔
ایک اور کارروائی میں فوجیوں نے ضلع پونچھ کے علاقے سرنکوٹ میں دو نوجوانوں کو گرفتار کیا جن کی شناخت اعجاز احمد اور گلشن احمد کے ناموں سے ہوئی ہے ۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے مقبوضہ علاقے میں جاری قتل و غارت، گرفتاریوں، محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں، گھروں پر چھاپوں اور املاک کی ضبطی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے فوری حل کے لیے اقدامات کرے ۔
انہوں نے مزید کہاکہ بھارت کی جانب سے دیرینہ تنازعے کے حل میں عدم دلچسپی سے خطے کے امن کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔
دریں اثنا پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے سرینگر میں اپنے بیانات میں 2020میں ایک جعلی مقابلے میں تین بے گناہ کشمیریوں کے قتل میں ملوث بھارتی فوجی افسر کی ضمانت پر سوال اٹھا یا۔
ضلع ڈوڈہ کے علاقے اسارمیں آج ایک بس کے سڑک سے پھسل کرگہری کھائی میں گرنے سے 30 سے زائد افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔