Friday, 29 March 2024, 02:38:20 am
حکومت قومی اداروں میں اصلاحات لانے کیلئے مشکل فیصلے کررہی ہے:شبلی
January 16, 2021

File Photo

اطلاعات ونشریات کے وزیر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بہتر کارکردگی کے حصول کی خاطر قومی اداروں میں اصلاحات لانے کیلئے مشکل فیصلے کررہی ہے ۔

ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے قومی اداروں کے تشخص کونقصان پہنچانے پرحزب اختلاف پرکڑی نقطہ چینی کی ۔شبلی فراز نے کہاکہ حکومت اصلاحاتی پروگرام کے ذریعے اداروں کے تشخص اورکارکردگی کی بحالی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کررہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ (ن) تین عشروں تک برسراقتدار رہیں لیکن پی آئی اے ، پاکستان سٹیل ملز اور دوسرے اداروں کی کارکردگی میں بہتری کی جانب خاطرخواہ توجہ نہیں دی گئی ۔ملائیشیا کے دارالحکومت کی طرف پرواز کرنے والے پی آئی اے کے طیارے کے واقعے پراظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہوائی اڈے پر طیارے کے قبضے میں لینے کا معاملہ عجیب ہے ۔تاہم انہوں نے کہاکہ پاکستان کا سفارتخانہ اور پی آئی اے کی ٹیم تفصیلات جمع کررہی ہے ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ اگلے دو روز میں تحقیقات کے بعد اہم تفصیلات منظر عام پر لائیں گے۔