Saturday, 20 April 2024, 01:03:55 pm
حکومت معاشرے کے پسماندہ طبقات کو بلا امتیاز فوری ریلیف فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے، پی ایم ڈی یو
September 15, 2020

پرائم منسٹر کے پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ کے ڈپٹی سیکرٹری عادل سعید صافی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی زیر قیادت حکومت معاشرے کے پسماندہ طبقات کو بلا امتیاز ان کی دہلیز پر فوری ریلیف فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

منگل کے روز ریڈیو پاکستان کے خبروں اور حالات حاضرہ کے چینل کو ایک خصوصی انٹرویو میں ، انہوں نے کہا کہ عام لوگوں کو ان کی دہلیز پر ریلیف کی فراہمی اور تمام کرپٹ عناصر کا بلا امتیاز احتساب اورپاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا پی ٹی آئی حکومت کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی مشکلات اور حقیقی مسائل کے حل کے حوالے سے پاکستان سٹیزن پورٹل متعارف کرانے کا سہرا موجودہ حکومت کو جاتا ہے۔وزیر اعظم کے پرفارمنس ڈلیوری یونٹ کے کردار اور ان کے کام پر روشنی ڈالتے ہوئے ، انہوں نے کہا کہ یہ یونٹ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں ، خواتین ، خصوصی افراد اور بیرون ملک میں مقیم پاکستانیوں کو سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینے کے ساتھ ، ملک بھر میں شکایات کے ازالے کا ایک میکانزم کا آغاز کر رہا ہے۔

ڈپٹی سیکرٹری نے بتایا کہ یونٹ کا بنیادی مقصد شہریوں کو بغیر کسی رکاوٹ کے تمام سرکاری اداروں کے ساتھ روابط کا موقع فراہم کرنا ہے اور موجودہ حکومت کے وژن کے مطابق ، ان کے معاملات کو ترجیحی طور پر حل کرنا ہے۔ عادل سعید صافی نے مزید کہا کہ اس یونٹ کی ذمہ داری ہے کہ اس بات کو یقینی بنائے کہ تمام شکایات اور تجاویز متعلقہ اداروں کے ذریعے منصفانہ اور موثر طریقے سے نمٹائی جائیں۔ عادل سعید صافی نے مزید بتایا کہ پی ایم ڈی یو عوامی اور سرکاری محکموں کے مابین فاصلے کو دور کرتا ہے ، اور شہریوں کی دہلیز پر ان کی عزت نفس کو برقرار رکھتے ہوئے خدمات فراہم کرتا ہے۔