Thursday, 28 March 2024, 02:41:23 pm
بھارت فرقہ واریت کے ذریعے پاکستان میں بدامنی پیداکرنے کی کوشش کررہا ہے:وزیر خارجہ
January 17, 2021

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کی صورتحال کے بارے میں برطانوی ارکان پارلیمنٹ کا حالیہ نکتہ نظر پاکستان کی سفارتی کوششوں کی کامیابی ہے ۔

ملتان میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے واضح کیا ہے کہ جموں وکشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ یہ ایک عالمی تنازعہ ہے ۔وزیرخارجہ نے کہاکہ بھارت نے ہمیشہ یہ تاثر دینے کی کوشش کی ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی صورتحال معمول کے مطابق ہے تاہم پاکستان نے اس کے مذموم عزائم دنیا کے سامنے بے نقاب کیے ہیں۔سانحہ مچھ کے بارے میں ایک سوال پروزیرخارجہ نے کہاکہ بھارت فرقہ واریت کے ذریعے پاکستان میں بدامنی پیداکرنے کی کوشش کررہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ بعض قوتیں پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے کام کررہی ہیں تاہم وہ اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوںگی۔