Thursday, 25 April 2024, 09:59:26 pm
وزیراعظم کا پاکستان ،ازبکستان کے درمیان سیاسی تعلقات ، تجارت میں اضافے کی اہمیت پرزور
September 17, 2021

وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اورازبکستان کے درمیان سیاسی تعلقات اور تجارت میں اضافے کی اہمیت پرزوردیاہے۔دوشنبے میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر ازبک صدر Shavkat Mirziyoyevسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ازبکستان اور پاکستان کے درمیان تجارتی معاہدے اور تعلیم، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون میں اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔فریقین کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ تعاون خصوصاً تجارتی واقتصادی تعلقات اور علاقائی روابط میں اضافے پرغورکیاگیا۔کثیرجہتی روابط کی اہمیت پرزوردیتے ہوئے وزیراعظم نے افغانستان کے راستے دونوں ملکوں کے د رمیان ریلوے منصوبے کے لئے مکمل حمایت کااعادہ کیا اور اس کے جلد آغاز کے لئے تمام ممکنہ تعاون کی یقین دہانی کرائی۔افغانستان کی صورتحال پرتبادلہ خیال کرتے ہوئے انہوں نے پُرامن ،مستحکم اورخوشحال افغانستان کے لئے پاکستان کی کوششوں کو اجاگرکیا۔عمران خان نے افغانستان میں فوری انسانی ضروریات کی فراہمی اوراقتصادی صورتحال میں استحکام کے لئے عالمی برادری کی جانب سے جنگ زدہ ملک کے ساتھ بھرپورتعاون کی اہمیت پر بھی زوردیا۔