Friday, 29 March 2024, 06:52:23 am
حزب اختلاف کو ریڈ زون میں ریلی کی اجازت، قانون ہاتھ میں نہیں لینےدیا جائیگا،وزیرداخلہ
January 18, 2021

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکومت نے حزب اختلاف کو ریڈ زون میں ریلی کا اہتمام کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے تاہم کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیا جائے گا۔

انہوں نے آج شام اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کرنے کیلئے پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کی راہ میں کوئی کنٹینر یا رکاوٹ نہیں کھڑی کی جائے گی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ڈی ایم کو پہلی بار ریڈزون میں ریلی منعقد کرنے کی اجازت دی گئی ہے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس امر پر نظر رکھیں گے کہ آیا حزب اختلاف کی ریلی میں مدرسے کا کوئی طالب علم شریک ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو اسکے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔وزیر داخلہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی حکومت نے الیکشن کمیشن کو چالیس ہزار ادائیگیوں کا ریکارڈ جمع کرایا ہے جبکہ حزب اختلاف صرف چار ہزار لوگوں کا ریکارڈ جمع کرانے سے قاصر ہے جن سے اس نے غیر ملکی فنڈز وصول کئے ہیں۔