Friday, 26 April 2024, 01:05:01 am
وفاقی کابینہ کی این ٹی ڈی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل کی منظوری
January 19, 2021

وفاقی کابینہ کو منگل کے روز بتایا گیا کہ وزیراعظم کے بروقت فیصلے کی وجہ سے اپنی نوکریاں کھونے والے تقریباً95 فیصد افراد چند ماہ میں بحال ہو گئے ہیں۔

کابینہ کا اجلاس آج وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں اسلام آباد میں ہوا۔وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے وفاقی شماریات بیورو کی طرف سے کئے گئے حالیہ سروے کی بنیاد پر کورونا وباء کے اثرات سے کابینہ کو آگاہ کیا۔وباء کی وجہ سے تقریباً دو کروڑ افراد کی آمدنی تقریباً ختم ہو گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی دانشمندانہ حکمت عملی مکمل لاک ڈائون کی بجائے سمارٹ لاک ڈائون کی حکمت عملی تعمیرات اور مینوفیکچرنگ کے شعبے میں فیصلہ سازی سے دو کروڑ افراد کے روزگار بحال ہوئے ہیں۔وفاقی کابینہ کو سول سروسز میں اصلاحات کیلئے گزشتہ چھ ماہ کے دوران کئے گئے اقدامات کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی وزیراعظم نے سول سروسز اصلاحات اور پیپرا قوانین میں ترامیم کیلئے کئے گئے اقدامات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وزارتوں اور ڈویژنوں کو کارکردگی بڑھانے اور کاروبار کرنے میں سہولت کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔وفاقی کابینہ نے پاور ڈویژن کے تحت نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل کی منظوری دی۔اجلاس میں صحت کی سہولتوں کے بارے میںWGRM ڈیٹا کے جانچ پڑتال کیلئے نادرا کے ساتھ پانچ سالہ براہ راست معاہدہ طے کرنے کیلئے وزارت صحت کو بھی منظوری دی گئی۔