وزیراطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں احتجاج میں حصہ لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی کیونکہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسے غیر قانونی قرار دیا ہے۔
انہوں نے آج(ہفتہ) اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی کے ساتھ کسی بھی سطح پرکوئی رابطہ نہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے صرف پی ٹی آئی کے چیئرمین گوہر علی خان سے ایک بار رابطہ کیا گیا اور انہیں بتایا گیا ہے کہ یہ احتجاج غیر قانونی ہے۔
انہوں نے کہاکہ اسلام آباد اور پنجاب پولیس دونوں کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھوں میں لینے یا سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پاکستان کے دشمنوں کی زبان بول رہی ہے۔
وزیراطلاعات نے بہتر اقتصادی اشاریوں پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ تیزی کا رجحان ملک میں سازگار کاروباری ماحول کا عکاس ہے۔
انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ جب بھی کوئی ملک پاکستان میں سرمایہ کاری کا اعلان کرتا ہے پی ٹی آئی احتجاج کی کال دیتی ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ اس حوالے سے چینی صدر کے دورے اور ایس سی او اجلاس کے موقع پر بھی پی ٹی آئی نے احتجاج کی کال دی تھی۔
وزیراطلاعات نے کہاکہ بیلاروس کے صدر جو پاکستان کے بہترین دوست ہیں اب پاکستان کا دورہ کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ بیلاروس ٹریکٹرز کی مقامی سطح پر تیاری میں پاکستان سے تعاون کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کو صوبے کی امن وامان کی صورتحال پر توجہ دینی چاہئے۔