اطلاعات ونشریات کے پارلیمانی سیکرٹری دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی بدولت مثبت اقتصادی اشاریے مستحکم معیشت کا مظہر ہیں۔
انہوں نے آج(ہفتہ) اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برآمدات اور ترسیلات زر میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ افراط زر کی شرح کم ہو کر سنگل ڈیجٹ پر آگئی ہے۔
پارلیمانی سیکرٹری نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ پی ٹی آئی اپنے مقاصد حاصل کرنے کیلئے انتشار پھیلانے کی کوشش کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہی جماعت ہے جس نے شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی اور ریاستی اداروں پر حملے کئے۔
انہوں نے کہاکہ کسی کو بھی وفاقی دارالحکومت پر حملہ کرنے یا جلائو گھیرائو اور توڑ پھوڑ کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کارروائیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی جان ومال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
دانیال چوہدری نے کہاکہ حکومت نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے مسلسل مفاہمت کی پالیسی اپنائی ہے۔