وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ ہماری معیشت کی کامیابی کا انحصار مضبوط برآمدی بنیاد پر ہے۔
وہ اسلام آباد میں پاکستان کے سہ ماہی تجارتی اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، جہاں انہیں بین الاقوامی تجارت کے تازہ ترین رجحانات اور برآمدات کو بڑھانے کے لیے
وضع کی جانے والی حکمت عملیوں کے بارے میں بتایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مضبوط برآمدی بنیاد تمام صوبوں اور متعلقہ محکموں سمیت تمام متعلقہ فریقوں سے عزم اور باہمی تعاون کا تقاضا کرتی ہے۔
وزارت تجارت کے افسران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے جام کمال نے کہا کہ برآمدات پر مبنی ترقی کی حکمت عملی کے وزیراعظم کے وژن کو آگے بڑھانے میں وزارت تجارت کا کلیدی کردارانتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
اجلاس میں برآمدات پرمبنی ترقی کی حکمت عملی پرسنجیدگی سے عمل پیرا ہونے کی ضرورت کا اعادہ کیا گیا اور تمام شعبوں پر زور دیا گیا کہ وہ پاکستان کی مکمل تجارتی استعداد کار سے استفادہ کرنے کیلئے مکمل ہم آہنگی سے کام کریں۔