Thursday, 28 March 2024, 06:23:13 pm
سرینگرجی 20 اجلاس میں شرکت نہ کرنے پرسعودی عرب،چین،ترکیہ دیگرممالک کے مشکورہیں،حریت کانفرنس
May 24, 2023

غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظربند سینئر رہنماء شبیر احمد شاہ کی سربراہی میں قائم ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے سرینگر میں بھارت کی میزبانی میں جی ٹونٹی سیاحتی ورکنگ گروپ کی اجلاس میں شرکت نہ کرنے والے گروپ کے رکن ممالک کا شکریہ اد ا کیا ہے ۔

ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان  میں اس پیش رفت کو بھارت کےلئے ایک بڑا سفارتی دھچکا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین، سعودی عرب، ترکیہ، مصر، انڈونیشیا اور میکسیکو سمیت متعدد اہم ممالک نے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے میں G-20اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا ہے ۔

 انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام ان تمام ممالک کے شکر گزار ہیں جنہوں نے متنازعہ علاقے میں بین الاقوامی اجلاس میں شرکت سے متعلق حساسیت کا ادراک کرتے ہوئے اس اجلاس میں شرکت نہیں کی ۔

 بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حالات کو معمول پر لانے اور امن کے قیام کا براہ راست تعلق کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے سے ہے اور مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں بین الاقوامی کانفرنسز کا انعقاد کرکے مسئلہ کشمیر کی حقیقت کو نہیں بدل سکتی۔

 جماعت نے متنازعہ خطے میں کانفرنس کے انعقاد کےخلاف واشنگٹن ، لندن سمیت دنیا کے بڑے دارالحکومتوں میں احتجاجی مظاہرے کرنے اور متنازعہ کانفرنس پر غم و غصہ کے اظہار پر کشمیر کے سماجی اور سیاسی رہنمائوں خصوصاً ان شہروں میں مقیم پاکستانیوں  اور کشمیریوں کےکردار کو بھی سراہا۔