Tuesday, 23 April 2024, 11:36:21 pm
بھارت ، افغانستان کے امن عمل کو ناکام بنانے کیلئے داعش کی مددکررہا ہے: رؤف حسن
January 25, 2021

اطلاعات و نشریات کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی رؤف حسن نے ہمسایہ ملک افغانستان میں امن و استحکام لانے میں پاکستان کے بنیادی کردار کی اہمیت پر زور دیا ہے۔انہوں نے پیر کے روز ریڈیو پاکستان کے خبروں اور حالات حاضرہ کے چینل کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں کہا کہ پاکستان بحران کے پائیدار حل کے لئے مختلف افغان فریقوں اور حکومت کے درمیان مذاکرات کے لئے سنجیدگی سے سہولت کار کا کردار ادا کرتا رہا ہے۔رؤف حسن نے کہا کہ بھارت امن عمل کو ناکام بنانے کے لئے داعش اور دیگر دہشت گرد گروپوں کی مدد کر کے تخریبی کردار ادا کر رہا ہے لیکن وہ ان کوششوں میں کامیاب نہیں ہو گا۔معاون خصوصی نے کہا کہ دنیا کو پاکستان کو بدنام کرنے کی بھارت کی کوششوں کا نوٹس لینا چاہئے جس کا انکشاف یورپی یونین کی ڈس انفو لیب نے کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بھارت کیخلاف اپنا کیس مضبوط کرنے کیلئے تمام بین الاقوامی فورموں پر اس حقیقت کو اجاگر کرنا چاہئے۔پاک چین تعلقات پر رؤف حسن نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مضبوط ہیں اور یہ باہمی اشتراک عمل سے کام کر رہے ہیں۔پاک روس تعلقات پر معاون خصوصی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اچھے تعلقات ہیں اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھ رہا ہے۔