Friday, 29 March 2024, 03:04:57 pm
حریت رہنماؤں کا ایل اوسی پرپاکستان بھارت جنگ بندی کاخیرمقدم
February 26, 2021

بھارت کے غیر قانونی غیر قبضہ جموں و کشمیر میں حریت رہنماؤں نے کنٹرول لائن پر جنگ بندی برقرار رکھنے کیلئے پاکستان اور بھارت کے درمیان اتفاق رائے کا خیر مقدم کیا ہے۔جموں و کشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازا نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ اس اقدام سے خطے میں امن قائم ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اُنکی جماعت نے ہمیشہ سے کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی حمایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ دُرست سمت میں ایک قدم ہے جو کنٹرول لائن پر مستقل خطرات میں زندگی بسر کرنے والے متاثرہ لوگوں کیلئے ایک بڑا ریلیف ہے۔حریت رہنما جاوید احمد میر نے سری نگر میں ایک بیان میں جنگ بندی پر اتفاق رائے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کے ذریعے کشمیر کے دیرینہ مسئلے کے پُر امن حل کا صحیح وقت ہے۔انہوں نے نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی ہٹ دھرمی ترک کرے، غیر قانونی طور پر زیر حراست تمام حریت رہنمائوں اور کارکنوں کو رہا کرے اور مسئلہ کشمیر کے پُر امن حل کیلئے اقدامات کرے۔