Friday, 19 April 2024, 05:14:04 pm
ٹیکسٹائل کاشعبہ ملکی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی ہے،وزیراعظم
May 26, 2023

وزیراعظم شہبازشر یف نے کہا ہے کہ ٹیکسٹائل کا شعبہ ملکی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اوران کی حکومت معیشت کی بہتری اور برآمدات میں اضافے کیلئے تاجروں سے مکمل تعاون کرے گی ۔انہوں نے یہ بات آج کراچی کے ایکسپو سینٹر میں ملبوسات اور چمڑے کی مصنوعات کی چوتھی بین الاقوامی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

وزیراعظم نے صنعتکاروں کو سراہا جنہوں نے راہ میں حائل چیلنجز اور مشکلات کے باوجود پاکستان کی ٹیکسٹائل اورچمڑے کی صنعت کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کیا۔

شہبازشریف نے کہا ملک کی مجموعی برآمدات کا ساٹھ فیصد حصہ کپڑے کی صنعت پرمشتمل ہے اور اس شعبے کو پروان چڑھانے کیلئے ہرممکن مدد فراہم کی جائے گی ۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی ادارہ محنت جیسے بین الاقوامی اداروں کی تمام ضروریات پرعملدرآمد کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔

وزیراعظم نے نمائش کے اہتمام پروزیرتجارت سید نوید قمر اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کا شکریہ ادا کیا جس میں خریداروں سمیت ساٹھ ملکوں سے چار سو سے زائد غیرملکی مندوبین شرکت کررہے ہیں۔

اطلاعات ونشریات کی وفاقی وزیر مریم اورنگزیب ،وفاقی وزیرتجارت سید نوید قمر، منصوبہ بندی وترقی کے وفاقی وزیر احسن اقبال ، سندھ کے گورنر کامران خان ٹیسوری اور وزیراعلی سید مراد علی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔