وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ کسانوں کوامدادکی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے کیونکہ ملکی معیشت میں زراعت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔لاہورمیں کسان کارڈ کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ حکومت زرعی ترقیاتی منصوبے کے تحت زراعت کے شعبے میں اصلاحات لارہی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔اجلاس کو بتایاگیاکہ مختصروقت میں تین لاکھ پچھترہزارکسان کارڈجاری کئے گئے ہیں اوراس تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہاہے۔کسان کارڈکے ذریعے کسانوں نے اب تک ساٹھ کروڑ روپے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اعانت کی شکل میں پانچ لاکھ پچانوے ہزار کی رقومات کا لین دین کیا ہے۔ٹوکن نظام کے ذریعے بدعنوانی کو بھی ختم کرنے میں مددملی ہے۔