Tuesday, 23 April 2024, 11:57:12 pm
افغان سرحد سے نوشہرہ تک 113کلومیٹر بجلی کی ترسیلی لائنیں بچھانے کے کام کاافتتاح
January 27, 2021

وسطی ایشیا سے پاکستان تک بجلی کی ترسیل کے منصوبے کاسا۔1000 کے تحت پاک افغان سرحد سے نوشہرہ تک ایک سو تیرہ کلومیٹر بجلی کی ترسیلی لائنز بچھانے کے کام کا آج(بدھ) افتتاح کیا گیا۔

وزیر بجلی عمر ایوب خان اور اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر بندر حجار نے ایک ورچوئل تقریب میں منصوبے کا افتتاح کیا۔یہ ترسیلی لائنز جنوبی ایشیاء وسطی ایشیائی خطے کی تجارت اور ترسیلی منصوبے کے تحت افغانستان کے ذریعے پاکستان کو کرغزستان اور تاجکستان سے اضافی پن بجلی درآمد کرنے کیلئے بچھائی جا رہی ہیں۔اس موقع پر عمرایوب نے کہا کہ یہ منصوبہ بجلی کے علاقائی کنکشن اور مربوط برقی مارکیٹ کے قیام کے ذریعے چار شریک رکن ممالک کے درمیان اقتصادی روابط قائم کرنے میں مدد دے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ توانائی کی سکیورٹی میں بھی مثبت کردار ادا کرے گا کیونکہ سرحد پار سے زیادہ مقدار میں بجلی کی درآمد اور برآمد کے ذریعے پاکستان کا انرجی مکس مستحکم ہو گیا ہے۔وزیر توانائی نے کہا کہ حکومت نے ملک کے انرجی مکس میں پن بجلی کی پیداوار کے چالیس فیصد حصے سمیت 2025ء تک قابل تجدید توانائی کا 25فیصد اور 2030ء تک 30 فیصد متعارف کرانے کے بڑے اہداف مقرر کئے ہیں۔ڈاکٹربندرحجار نے ایک آن لائن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کاسا 1000 منصوبہ رکن ممالک کے لئے اقتصادی سرگرمیوں اور علاقائی روابط کو فروغ دے گا۔