Thursday, 25 April 2024, 12:19:16 am
حکومت عوام کو کرونا وائرس کی ویکسین مفت فراہم کرے گی، ڈاکٹر فیصل سلطان
January 27, 2021

صحت کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ حکومت عام لوگوں کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین مفت فراہم کرے گی۔

انہوں نے بدھ کے روز شعبہ صحت سے متعلق آن لائن ورکشاپ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ چین نے پاکستان کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کے پانچ لاکھ انجیکشنز کا تحفہ دیا ہے جس کی عام لوگوں کو مفت دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔معاون خصوصی نے کہا کہ پہلے مرحلے میں صحت کے صف اول کے کارکنوں کو ویکسین لگائی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں بزرگ شہریوں کو انسداد کورونا ویکسین دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ویکسین دینے کے عمل کیلئے صحت کے چھ لاکھ کارکنوں کا اندراج ہو چکا ہے۔ڈاکٹرفیصل سلطان نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے ذرائع ابلاغ پر بھی زور دیا کہ وہ اس حوالے سے آگاہی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔