Saturday, 20 April 2024, 02:36:04 pm
عالمی برادری تباہ کن سیلاب کےچیلنج پرقابوپانےکیلئےپاکستان کاساتھ دے:وزیراعظم
September 27, 2022

وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے آنے والے تباہ کن سیلاب کے چیلنج سے نمٹنے کےلئے پاکستان کی مدد کرے۔

 وہ آج ضلع دادو میں سیلاب سے متاثرہ گاؤں کے دورے کے دوران صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔

 انہوں نے مشکل وقت میں پاکستان کی امداد کرنے والے ملکوں کا شکریہ اد ا کیا تاہم انہوں نے کہا کہ ان ملکوں کو مزید آگے بڑھنا ہوگا کیونکہ پاکستان اس بدترین صورتحال سے تنہا خود نہیں نمٹ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ تباہ کن سیلابوں سے پاکستان میں تیس ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔

شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے نیو یارک میں اپنی ملاقاتوں اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطا ب میں پاکستان کو در پیش مسائل کو بھرپور طریقے سے اٹھایا۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ بین الاقوامی برادری کو ہمارے مسائل کا ادراک ہے۔

شہباز شریف نے سیلاب زدگان کے زخموں پر مرہم رکھنے کے لئے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کرنے، سیاست چمکانے کا نہیں بلکہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو بچانے ، ان کی امداد اور بحالی پر توجہ دینے کا وقت ہے۔

ادھر، وزیراعظم نے جکھرو میں خیمہ بستی میں قائم طبی کیمپ کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں سیلاب سے متاثرہ افراد کو فراہم کی گئی سہولتوں کے بارے میں بتایا گیا۔

 شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ بچوں کےلئے قائم کئے گئے عارضی خیمہ سکول کا بھی دورہ کیا، انہوں نے طلبہ سے ملاقات کی اور انہیں بہتر تعلیم فراہم کرنے کےلئے سمارٹ سکول قائم کرنے کاا علان کیا۔

شہباز شریف کو بتایا گیا کہ ضلع دادو میں بارش اور سیلاب سے سینتیس افراد جاں بحق ہوئے اور کھڑی فصلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہیں۔

محکمہ آبپاشی کے حکام نے بریفنگ میں کہا کہ ضلعی حکومت سیلاب سے متاثرہ افراد کو تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کررہی ہے اور ان کے لئے مزید خیموں اور دوسری ضروری اشیا کی ضرور ت ہے۔

بعد میں وزیراعظم نے متاثرین سیلاب کےلئے قائم کی گئی خیمہ بستی میں  مقیم لوگوں سے بھی ملاقات کی۔